پٹنہ،24 /اگست (آئی این ایس انڈیا) ان قیاس آرائیوں کے درمیان کہ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوسکتی ہیں، بہارپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مدن موہن جھا نے سونیا گاندھی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنا چاہئے۔
مدن موہن جھا نے سونیا گاندھی کو ایک خط لکھا اور کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات سر پر ہیں اور ایسی صورتحال میں انہیں عبوری کانگریس کے صدر عہدے پر قائم رہنا چاہئے اور اگر یہ ممکن نہیں ہوتا ہے تو کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو پارٹی صدر بنایا جائے۔بہار ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر مدن موہن جھا نے خط میں لکھا کہ بہار اسمبلی انتخابات سر پر ہیں اور ریاستی کانگریس درخواست کرتی ہے کہ سونیا گاندھی عبوری صدر کے عہدے پر برقرار رہیں یا راہل گاندھی کو یہ ذمہ داری سونپیں۔ ہمیں یقین ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں راہل گاندھی کانگریس کو فتح کی طرف لے جائیں گے۔